کیپیٹل ایمرجنسی سروس کا ستمبر میں 1475 ہنگامی صورتحال پر بروقت رسپانس، 1152 میڈیکل، 123 ریسکیو اور 82 فائر ایمرجنسیز پر کارروائی، 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں جلد اسلام آباد پہنچیں گی

0

اسلام آباد، 5 اکتوبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی مؤثر اور فعال نگرانی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروس (سی ای ایس)، سی ڈی اے نے ستمبر 2026 کے دوران اسلام آباد بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، ریسکیو اور طبی امداد کی جامع کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس دوران کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے مجموعی طور پر1475 ہنگامی کالز پر بروقت رسپانس دیا۔

ستمبر 2026 کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس شہریوں کے تحفظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں وسیع ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے، جن میں طبی ہنگامی صورتحال، ٹریفک حادثات، آتشزدگی کے واقعات، ریسکیو آپریشنز، پانی نکالنے، جانوروں کے ریسکیو اور دیگر ہنگامی حالات شامل ہیں۔

ستمبر 2026 کی ماہانہ ایمرجنسی رپورٹ کے مطابق کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے 1,152 ایمرجنسی میڈیکل سروس کالز پر رسپانس دیا، جو ماہانہ کارروائیوں میں سب سے بڑی کیٹیگری رہی۔ ان میں 544 طبی ہنگامی صورتحال، 433 ٹریفک حادثات، 120 متفرق کیسز، 46 گرنے کے واقعات، 6 جرائم سے متعلق کیسز اور 3 ڈوبنے کے واقعات شامل تھے۔

ستمبر 2026 کے دوران کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے 82 آتشزدگی کے واقعات پر بھی کارروائی کی، جن میں 29 بجلی سے لگنے والی آگ، 10 گھروں میں آتشزدگی، 6 گاڑیوں میں آگ، ایل پی جی/گیس یا مائع سے متعلق 2 دھماکے/آتشزدگی کے واقعات، 17 عمارتوں/کمرشل علاقوں میں آتشزدگی، 7 گرین ایریاز میں آگ اور 11 کچرے میں آگ لگنے کے واقعات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی ٹیموں نے 123 ریسکیو آپریشنز بھی انجام دیے، جن میں 44 پانی نکالنے کے آپریشنز، ایک منہدم ڈھانچے کا واقعہ، پہاڑی علاقوں/کنوؤں/ٹریپ سے متعلق 11 ریسکیو آپریشنز، 65 جانوروں کے ریسکیو کیسز اور 2 گرے ہوئے درختوں کے واقعات شامل تھے۔

کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی ٹیمیں ماہ کے دوران ہنگامی اور سیکیورٹی سے متعلق فرائض میں بھی مصروف رہیں۔ اس دوران 100 ایمرجنسی/ایونٹ کَور ڈیوٹیز اور 18 موٹرکیڈ ڈیوٹیز انجام دی گئیں، یوں مجموعی طور پر 118 تعیناتیاں کی گئیں۔

کیپٹل ایمرجنسی سروسز کی ستمبر 2026 رپورٹ کے مطابق ہنگامی صورتحال میں مجموعی طور پر 1,013 متاثرین شامل تھے، جن میں 979 زخمی/بیماری کے کیسز اور 34 اموات شامل ہیں، جبکہ 148 کیسز کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی اور 865 افراد کو مزید طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

شہریوں کی جانب سے کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی کارکردگی کو سراہا گیا۔کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی جانب سے ہنگامی صورتحال میں بروقت اور پیشہ ورانہ رسپانس کو اسلام آباد کے شہریوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔ شہریوں نے طبی ہنگامی صورتحال، ٹریفک حادثات، آتشزدگی اور دیگر سنگین حالات میں کیپیٹل ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کی جانب سے فوری امداد اور خدمات پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔ کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی مسلسل دستیابی اور تربیت یافتہ ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اسلام آباد میں مؤثر ایمرجنسی رسپانس سسٹم پر شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اسلام آباد کا ایمرجنسی رسپانس مزید مضبوط بنانے کے لیے 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں جلد کیپیٹل ایمرجنسی سروس کا حصہ بنیں گی۔وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی رسپانس اور فائر فائٹنگ کی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لیے 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں، جو جلد اسلام آباد پہنچ کر ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے بیڑے میں شامل ہوں گی۔

نئے بیڑے کی آمد اسلام آباد کے ایمرجنسی رسپانس انفراسٹرکچر میں ایک بڑی توسیع ہے، جو 17 سال کے وقفے کے بعد عمل میں آئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کے ہمراہ 29 ستمبر 2026 کو کراچی پورٹ کا دورہ کیا تھا جہان انہوں نے نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیوں کا معائنہ کیا۔

نئی گاڑیاں جلد اسلام آباد پہنچنے کے بعد کیپیٹل ایمرجنسی سروس اور فائر بریگیڈ کی آپریشنل صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔نیا گاڑیاں اسلام آباد کے چھ ایمرجنسی اسٹیشنز کے ذریعے 24 گھنٹے دستیاب رہے گا، جس سے ایمرجنسی ٹیموں کو پیچیدہ اور خصوصی نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اضافی آپریشنل صلاحیت حاصل ہوگی۔

نئی گاڑیوں میں 4 ایریل فائر ٹرکس، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینڈرز شامل ہیں، جو جدید ریسکیو اور فائر فائٹنگ آلات سے لیس ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کو دی گئی بریفنگ کے مطابق یہ خصوصی گاڑیاں 256 فٹ تک کی بلندی پر فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس سے بلند عمارتوں اور مشکل رسائی والے مقامات پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی اسلام آباد کی صلاحیت نمایاں طور پر بہتر ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے نئی گاڑیوں کی آمد کو اسلام آباد کی ایمرجنسی سروسز کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی گاڑیوں کے فلیٹ کی شمولیت 2009 کے بعد اسلام آباد ریسکیو فلیٹ میں سب سے بڑی توسیع ہے اور اضافہ ہے انہوں نے نئی گاڑیوں کی فراہمی میں تیزی لانے پر حکومتِ چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

نیا فلیٹ اس لحاظ سے بھی انتہائی اہم ہے کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے صرف ستمبر 2026 کے دوران 1,475 ہنگامی صورتحال پر رسپانس دیا۔ جدید ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیوں کی شمولیت، تربیت یافتہ عملے اور موجودہ آپریشنل وسائل کے ساتھ مل کر، معمول کے ساتھ ساتھ پیچیدہ اور سنگین ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گی۔

نئی گاڑیاں بالخصوص آتشزدگی، ٹریفک حادثات، بلند عمارتوں میں ہنگامی صورتحال، ریسکیو آپریشنز اور دیگر ایسے واقعات میں رسپانس کو مزید مؤثر بنائیں گی جہاں جدید اور خصوصی ریسکیو و فائر فائٹنگ آلات کی ضرورت ہوتی ہے۔کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کے ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو جدید بنانے، فائر فائٹنگ اور ریسکیو کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے اور شہریوں کو بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

*21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیوں کی آمد، وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی توجہ اور چیئرمین سی ڈی اے کی مؤثر نگرانی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی مسلسل پیشہ ورانہ کارکردگی کے ساتھ، اسلام آباد کے شہریوں کو مزید مضبوط، تیز رفتار، جدید اور بہتر طور پر لیس ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔