چاول کی پیداوار بڑھانے کے لیے رائس پلانٹر کے استعمال پر اجلاس، جامع فزیبلٹی اسٹڈی کی ہدایت

5

اسلام آباد، 5 اکتوبر(اے پی پی):  وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کہ زیر صدارت چاول کی پیداوار سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزارت فوڈ سکیورٹی کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ رائس پلانٹر کے استعمال سے پیدوار میں 15 فیصد اضافہ اور فی کلو پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہوسکے گی۔

اجلاس میں پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے بڑے چاول پیدا کرنے والے علاقوں میں اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر نے سیکریٹری فوڈ کو صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد جامع فزیبلٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اسٹڈی میں اس منصوبے کی معاشی افادیت، پیداواری لاگت میں کمی کے امکانات اور چاول کی برآمدات پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

سینیٹر احد چیمہ نے کہا کہ اگر اسٹڈی میں اس منصوبے کا قابلِ عمل ہونا ثابت ہوا تو وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے اس میں سرمایہ کاری کرے گی۔ اسٹڈی میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور کسانوں کے درمیان اخراجات کی تقسیم کا طریقۂ کار بھی تجویز کیا جائے۔

وزیر نے سیکریٹری فوڈ کو صوبائی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے موزوں کسانوں کی نشاندہی اور متعلقہ چاول پیدا کرنے والے علاقوں میں رائس پلانٹرز کی منصفانہ تقسیم کے لیے بھی کہا۔ انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، دیگر صوبائی اسٹیک ہولڈرز اور رائس پلانٹرز استعمال کرنے والی نجی کمپنیوں سے مشاورت کی ہدایت بھی کی۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مشینری کے مؤثر استعمال اور دیکھ بھال کے لیے ضروری مہارت فراہم کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہونا چاہیے، سینیٹر احد چیمہ نے کسانوں کی تربیت، فروخت کے بعد خدمات اور تکنیکی معاونت پر مشتمل ٹیکنالوجی منتقلی پروگرام کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے فوڈ سکیورٹی احمد عمیر، سیکریٹری فوڈ عامر علی احمد، سیکریٹری صنعت اور سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔