وزیراعظم پاکستان شاہد خاکان عباسی کی گورنرہاﺅس کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت

345

کو ئٹہ۔14نومبر(اے پی پی )وزیراعظم پاکستان شاہد خاکان عباسی نے بلوچستان کے لیے 10سالہ ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے تمام علاقے ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائے جائینگے ،اور اس ترقیاتی پیکج کے تحت صوبے کے تمام شہریوں ودیہی پسماندہ علاقوں میں ترقی کا یکساں عمل شروع کرکے عوام کو تعلیم ،صحت ، پینے کا صاف پانی اور تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائےں گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے اختتام پر گورنرہاﺅس میں میڈیاکے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وفاقی وزراءجنرل (ر)عبدالقادر بلوچ،میر دوستین خان ڈومکی ،سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر ،صوبائی وزراءمیر سرفراز بگٹی ،سرداردرمحمد ناصر،میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان ،ڈسٹرکٹ کونسل کوئٹہ کے چیئرمین ملک نعیم خان بازئی ودیگر بھی موجود تھے۔وزیراعظم پاکستان شاہد خاکان عباسی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر صوبے میں جاری ترقیاتی عمل امن وامان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کا جائزہ لینے آیا ،سی پیک کے علاوہ بلوچستان میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبے بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں 10سالہ منصوبے کے تحت ہر ضلع میں ایل پی جی گیس ،بجلی ،پینے کی صاف پانی ،تعلیم صحت اور بنیادی ضروریات زندگی کے منصوبوں پر 20ارب روپے خرچ کئے جائینگے جبکہ سی پیک منصوبے کے تحت 80ارب روپے منصوبے ان کے علاوہ ہےں ،ان اقدامات سے بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ ہوگا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا،وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت جون میں اپنی مدت پوری کرے گی جس کے بعد آئین کے مطابق انتخابی عمل کاآغاز ہوگا ،ملک میں آئین وقانون کے تحت تمام ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی کررہے ہیں اور جمہوری عمل کا تسلسل جاری رہے گاانہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایک یا دو ماہ بعد بلوچستان کا دورہ کرکے ان منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی کو اہم سمجھتی ہے اور صوبے کی ترقی پائیدارقیام امن اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔