وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو

222

اسلام آباد، 19فروری (اے پی پی): وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کو بچوں سے زیادتی کے خلاف قائم قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب کر لیا گیا۔ خصوصی کمیٹی بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے موجودہ قوانین اور پراسیکیوشن کے طریقہ کارکا جائزہ لے گی، قوانین میں بہتری اور عملدرآمد کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز، صوبائی حکومتوں اورسول سوسائٹی کے نمائندگان سے مشاورت ہوگی، قانون و انصاف،   انسانی حقوق اور تعلیم کی وزارتیں کمیٹی کو اپنی تجاویز پیش کریںگی، بچوں سے زیادتی اور تشدد کے واقعات کے تدارک کے لیے خطے کے دیگر ممالک کے تجربات، رائج قوانین سے رہنمائی لی جائے گی اور صوبوں میں لاگو قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔ بچوں سے زیادتی کے خلاف قائم قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کے انتخاب کے لئے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا نام رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم نے تجویز کیا اور زاہد حامد نے تائیدکی۔ اجلاس کے دوران وزیر مملکت مریم اورنگزیب گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اس ضمن میں اپنی سفارشات 30دن کے اندر مرتب کرکے سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ زینب قتل کیس میں عدالت کی جانب سے جلد فیصلہ سنایا جانا نہایت خوش آئند ہے، پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں زینب کیس کے شواہد اکٹھے کیے جوقابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے تجاویز کے بعد ضرورت کے تحت قوانین میں ترامیم کی تجویز دی جائے گی تا کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے بچوں کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔ بچوں پر تشدد سے متعلق آگہی ،مناسب تربیت اور روک تھام کے طریقوں کے بارے میں معلومات تعلیمی نصاب میں شامل کرنا بھی زیر غور ہے۔ معاشرے سے ایسے واقعات کے خاتمے میں قومی شعور کی بیداری کے لیے میڈیا اپنا موثر کردار ادا کرے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ وطن عزیز کے بچوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری ایک ماں کے جذبے سے نبھانے کی پوری کوشش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے دو رس اقدامات اٹھانے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا بروقت فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اراکین نے بچوں سے زیادتی کے حوالے سے قوانین اور پراسیکیوشن کے نظا م میں بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ کمیٹی اراکین میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، اراکین قومی اسمبلی زاہد حامد، شائستہ پرویز، شاہدہ اخترعلی، رومینہ خورشید عالم، عذرا فضل پیچوہو ،انجینئر علی محمد خان ایڈووکیٹ، کشور زہرا اور صاحبزادہ طارق اللہ شامل ہیں۔

اے پی پی/ناہید/فرح/وی این ایس اسلام آباد