حکومت نے ترسیلاتِ زر کا قانونی راستہ بنایا، معاشی مسائل کا حل  ٹیکس نیٹ بڑھانے میں ہے: وفاقی وزیر برائے اطلاعات

233

اسلام آباد ،18 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے لئے معیشت ہی اصل چیلنج تھی سیاسی قوتیں نہیں ۔

  چوہدری فواد حسین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ  مسائل کا حل اسی میں  ہے  کہ ٹیکس نیٹ زیادہ ہو، ہم درآمدات کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں اور برآمدات کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جبکہ ہم نے ترسیلاتِ زرکے لئے  قانونی راستہ بنایا ہے انہوں نے کہا کہ    پاکستان میں سیاحوں کی آمدورفت بھی بہت ضروری ہے، ہم مذہبی سیاحت کو بڑھائیں گے۔

  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی  پاکستان کا امیج اچھا ہوا ہے اور اس کا فرق معیشت پہ پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ  ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے چائنہ اور یو اے ای سے مل کر مسئلہ حل کیا،  حکومت کی معاشی ٹیم کی جنگ یہ ہے کہ ملک کو پاؤں پر کیسے کھڑا کیا جائے۔وفاقی وزیر کامزید کہنا تھا کہ موجودہ ٹیکس دینے والوں پر بوجھ بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا ٹیکس نیٹ بڑھانا ہو گا ۔

اس موقع پر  چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نظام جو ہمیں ملا وہ خسارے کا تھا، ماضی کی حکومتوں نے کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا ، لانچوں اور ماڈلز کے زریعے  منی لانڈرنگ کی  جاتی رہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ڈالر کو 100 روپے پر رکھنے لئے 7 ارب ڈالر پر خرچ کئے۔

 اے پی پی/ ناہید/ شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد