ذمہ دار اور قابل اعتماد ایٹمی قوت ہیں، وجوداسلام کے نام پرہوا،بھارت نہ بتائے ملک کیساہونا چاہئے:ڈی جی آئی ایس پی آر

259

راولپنڈی 06 دسمبر (اے پی پی): ترجمان افواج پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور بھارت ہمیں نا بتائے کہ ہمیں کیسا ہونا چاہئیے۔ بلکہ بھارت ہمیں مشورے دینے سے قبل خود کو ایسا کر کے دکھائے۔راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت نے کرتار پور راہداری کھولنے پر منفی پروپیگنڈہ کیا ۔ یہ یک طرفہ راہداری ہے ۔ جس کے کُھلنے سے بھارت سے روزانہ چار ہزار سکھ یاتری پاکستان اپنی عبادت گاہ تک آسکیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ راہداری پر باڑ لگایا جائیگا تاکہ سکھ زائرین داخلی راستے سے عبادت گاہ آسکیں اور اسی راستے واپس چلے جائیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ ہم نے تو بارڈر کھولا، بھارت نے بابری مسجد کے ساتھ کیا کُچھ کیا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے ہلاکتیں ہو رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے ۔ مسئلہ افغانستان کا سیاسی حل چاہتے ہیں ۔ پاکستان نازک دور سے گزر چکا ہے ۔ آدھا ملک بھی گنوا دیا ۔ آئندہ کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حکومت کو اعتماد فوج نہیں بلکہ قوم دیتی ہے ۔،جس جماعت کی بھی حکومت ہوگی فوج اپنی حکومت کے ساتھ ہو گی ۔

جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے ۔ بلوچستان اور کراچی میں حالات بہتر ہوئے ۔ بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشنز کی حکمت عملی تبدیل کی ہے جس سے وہاں کے دیگر سیکیورٹی ادارے بھی مظبوط ہوئے ہیں۔ تین سال میں دو ہزار فراریوں نے ہتھیار ڈالے ہیں ۔ باقیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں واپس اجائیں اور اپنے ملک کے لئیے اپنا کردار ادا کریں۔

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم)کے حوالے سے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پی ٹی ایم نے چیک پوسٹیں اور مائنز ختم کرنے اور لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق تین مطالبات کیے ۔ریاست نے پی ٹی ایم سے تعاون کیا ہے تاہم وہ جس سمت جا رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں ہے۔ ایسے میں ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی ۔ تحریک لبیک نے ریاست کے خلاف بات کی وہ حراست میں ہیں ۔ ان کے خلاف بھی قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد بلال