وزیراعظم عمران خان کی ترک وزیر دفاع جنرل (ر) ہولوسی اکار سے ملاقات

219

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے عوام صدر رجب طیب اردوان کا بہت احترام کرتے ہیں۔

وزیر اعظم  عمران خان  کی ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع جنرل (ر) ہولوسی اکارسے   وزیراعظم آفس میں ہونے والی  ملاقات  میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم صدر اردگان کی بصیرت انگیز قیادت میں ترکی کی سماجی و اقتصادی ترقی کے مداح ہیں۔ پاک ترک تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تجارت اور دفاعی تعاون سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

جنرل (ر) ہولوسی اکار نے وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے نیک تمنائیں پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک قیادت وزیراعظم کے دورہ ترکی کی منتظر ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

 

اے پی پی/وسیم / شاہ زیب

سورس: وی این ایس