وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت فاٹا کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

257

اسلام آباد، 31 دسمبر ( اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج فاٹا کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب، معاون خصوصی افتخار درانی صوبائی وزیر خزانہ  تیمور سلیم خان اور متعلقہ افسران شریک ہوۓ۔

اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں انتظامی امور، صحت، تعلیم ، لاء اینڈ آرڈر اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ تین ماہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور ان علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر انضمام شدہ علاقوں کے پانچ لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی جنوری کے آخر تک شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے وزیراعلی، صوبائی وزرا اور متعلقہ سیکرٹریز کو باقاعدگی سے انضمام شدہ علاقوں اور مختلف محکموں کا دورہ کرنے اور تعلیم، صحت اور ترقیاتی کاموں  کا از خود جائزہ لینے  کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کابینہ ہر ماہ ترقیاتی کاموں اور اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نظام کے جلد از جلد نفاذ کےلیے کوششیں تیز کرنے اور تعلیم، صحت اور پولیس کے محکموں کی خالی اسامیوں کو پر کرنے اور بھرتیوں کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

اے پی پی/حمزہ/فرح

وی این ایس اسلام آباد