پاک بحریہ کی بین الاقوامی سمندروں میں امن کی بحالی کیلئے خدمات خوش آئند ہے: ایڈمرل ظفر محمود عباسی

232

 

 

 

اسلام آباد،31 دسمبر ( اے پی پی):نیول چیف  ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کی  قومی دفاع کےساتھ ساتھ  بین الاقوامی سمندروں میں امن و سلامتی کی بحالی کیلئے خدمات  خوش آئند  ہیں۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تحت بحر ہند میں اہم مقامات کی نگرانی اور خلیج عدن میں تجارتی جہازوں کی سکیورٹی سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو موزوں سمندری ماحول اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔

کراچی میں پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کی تقریب سے خطاب میں نیول چیف نے پاکستان فلیٹ کی 2018 کے دوران آپریشنل سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے  کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان فلیٹ نے مختلف بحری مشقوں بالخصوص سی اسپارک میں مختلف ویپن سسٹمز کی فائرنگ سے  آپریشنل تیاریوں میں گراں قدر اضافہ کیا۔ اسٹریٹجک نوعیت کی بین الاقوامی اور دوطرفہ مشقوں میں پاکستان فلیٹ کی بھرپور شمولیت قابل تحسین ہے۔

پاک بحریہ کے جہازوں کی اطمینان بخش کارگردگی پر بات کرتے ہوۓ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہازوں نے پہلی بار جرمنی اور روس کی بندرگاہوں کے دورے کئے جو نیول ڈپلومیسی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ فلیٹ کی ضروریات پورا کرنے لے لئے جدید جنگی سازو سامان سے لیس آٹھ نئے جہازوں کا معاہدہ چین اور  ترکی سے طے پا چکا ہے۔

نیول چیف نے سال 2018 کے دوران دفاع وطن میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

 قبل ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سال 2018 کے دوران فلیٹ کی آپریشنل مصروفیات کا  بھی جائزہ پیش کیا۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن /حامد

وی این ایس اسلام آباد