گوادر کو پورے خطے کےلئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں:وفاقی وزیر منصوبہ بندی

287

 

 

بیجنگ(چین)، 21 دسمبر  (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے   کہ  گوادر کو پورے خطے کے لئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں، زراعت کی ترقی کے لئے چینی تجربات سے ہر ممکن استفادہ حاصل کرنے کے لئے کام جاری ہے۔

بیجنگ میں چینی ڈیویلپمنٹ ریسرچ سینٹر آف سٹیٹ کونسل کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی کی کمی پوری کرنے کے لئے سرمایہ کاری ہوئی اور بجلی کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعتی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر کو پورے خطے کے لئے معاشی مرکز بنا رہے ہیں اور گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اس کوریڈور کو نئی جہت دے گا۔ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ کا سب سے اہم منصوبہ ہے اور پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے اقتصادی زونز کے قیام کی لئے کوششیں جاری ہیں۔

خسرو بختیار نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان آسکے۔ انھوں نے کہا کہ  صنعتوں کے قیام کےلئے لائٹ سے ہیوی انڈسٹری کے طرف جانا ہوگا اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ علم کی منتقلی کے لئے بھی کوشش کرنی ہوگی۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف، پاکستانی سفیر مسعود خالد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔

اے پی پی/سعیدہ/فرح

وی این ایس چین