بھارتی مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہاہے: وفاقی وزیر برائےانسانی حقوق

263

اسلام آباد21 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہاہے۔ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کا نوٹس لے۔

ڈاکٹرشیریں مزاری نے اپنے دفتر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا سے ملاقات کے دوران کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے جنرل اسمبلی کی صدر کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کی جانب سے جاری اقدامات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ نئی قانون سازی کے ذریعے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ کے برعکس پاکستان میں غیرمسلموں کو اپنے ذاتی قوانین کی پابندی کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں بھی مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہئے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

ملاقات میں اقوام متحدہ کے لئے پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی ، وزارت انسانی حقوق کے سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اے پی پی/ احسان/رضوان

وی این ایس اسلام آباد