سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ فراہم کرانا حکومت کی  اولین ترجیح  ہے:اسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر

240

 

اسلام آباد،23 جنوری(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے مختلف  اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں موجود مختلف ممالک کے سفارت خانوں میں تعینات اتاشیوں اور ان کی بیگمات سے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے پر یقین رکھتا ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافرمواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔پاکستان میں دلکش قدرتی مناظر والے سیاحتی مقامات اور دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلے موجود ہیں۔

اسپیکر اسمبلی نے کہا  کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی اداروں نے دنیا میں امن کی خاطر دہشتگردی کی جنگ میں لازوال قربانیاں دیں ہیں ، سفارتکار اپنے ممالک میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔

غیر ملکی اتاشیوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کا دورہ کرنے سے  قومی اسمبلی اور قانون سازی کے حوالے سے ہمیں گراں قدر معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

اے پی پی /صائمہ/قراۃالعین

وی این ایس،اسلام آباد