مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

225

 

 

 

اسلام آباد، 23 جنوری (اے پی پی): کشمیری راہنماؤں کے چار رکنی وفد نے آج  وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور  یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مشاورت اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نہتے کشمیریوں خصوصاً عورتوں اور بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے، یوم یکجہتی کشمیر،  بھرپور انداز میں منایا  جائیگا۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ دنیا کی نظر میں اجاگر ہو رہا ہے، بھارت کی طرف سے مسلسل ‏طاقت کےاستعمال سےمقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال  بگڑتی جا رہی ہے،اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ  اور حالیہ دنوں میں منظر عام پر آنے والی دیگر غیر جانبدارانہ رپورٹس کا لب لباب بھی وہی ہے جو عرصہ دراز سے پاکستان کا موقف چلا آ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی ماریہ فرنینڈا اسپینوزا سے بھی یہی مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان،  نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز ہر سطح پر بلند کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

کشمیری راہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت اہم بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے اور  اقوام عالم کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کروانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا ۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن /قراۃالعین

وی این ایس، اسلام آباد