وزیراعظم کی زیر صدارت  ملک کے ثقافتی ورثے اور سیاحتی پوٹینشل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا

263

اسلام آباد،25 جنوری (اے پی پی ) : وزیراعظم عمران خان نے ملک کے طول و ارض میں موجود کثیر جہتی ثقافتی، مذہبی و تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لئے آئندہ ایک سال کے دوران  مختلف ایونٹس، تقریبات، میلوں اور ادبی محفلوں پر مشتمل پروگرام کی منظوری دے دی ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  ملک کے ثقافتی ورثے اور سیاحتی پوٹینشل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ شاہدہ شاہد، سابق سیکرٹری کامران لاشاری اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو  میلہ چراغاں، گلگت بلتستان فیسٹیول، قوالی فیسٹیول، صوفیاء کرام کے عرس، شندور پولو فیسٹیول،  پاکستان کلچرل کارنیول، فلم فیسٹیول، فوک فیسٹیول، جشن اقبال، کرتارپورہ فیسٹیول، چولستان جیپ ریلی، فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول اور پاکستان کے مایہ ناز گلوکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں مختلف محفلوں کا انعقاد کا مجوزہ شیڈول پیش کیا گیا ۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان تقریبات کا مقصدارضِ پاکستان کے تین ہزار سالہ ثقافتی اور تاریخی ورثے اور ملک کے تنوع اور ثقافتی جامعیت کو اجاگر کرنا  اورایک عرصے سے مشکلات  سے دوچار پاکستانی عوام کو معیاری تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تقریبات کا انعقاد مرکز، صوبائی حکومتوں اور ضلعی سطح پرکیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے پروگرام کو سراہا اور کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن /طاہرمحموداعوان

سورس:وی این ایس اسلام آباد