وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی  وزراء کا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا دورہ ،سہولیا ت کا جائزہ لیا

261

 

اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وفاقی  وزراءنے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبہ کی لاگت میں اضافہ اور ایئرپورٹ کی تعمیر میں غیر معیاری کام کے ذمہ داروں،ائیرپورٹ پر افرادی قوت کی کمی سے متعلق  تفصیلات 15 روز میں طلب کر لیں۔جبکہ ایئرپورٹ میں بیت الخلاءکی صفائی یقینی بنانے، پاکستانی تارکین وطن کیلئے غیر رجسٹرڈ موبائل رجسٹرڈ کرانے کیلئے کائونٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی کی  ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تارکین وطن کو ہوائی اڈوں پر سہولیات کے جائزہ کیلئے وفاقی وزراءکے وفد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزراءکو بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے، انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ  یہاں آنے والے تارکین وطن کو غیر رجسٹرڈ موبائل کی رجسٹریشن کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے، اس کا کوئی حل نکالا جائے، ایئرپورٹ پر بیت الخلاءکی صفائی یقینی بنائی جائے۔ ۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پہلی بار کسٹم، اے این ایف اور ایف آئی اے حکام بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان کی ایک ساتھ چیکنگ کرتے ہیں جو قابل تحسین ہے، ۔ وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بنایا جانے والا ٹراما سنٹر 40 بستروں پر مشتمل ہے اس کا انتظام وزارت صحت کو دیا جائے ،ذوالفقار علی بخاری نے تجویز دی کہ غیر رجسٹرڈ موبائل کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرایا جائے۔ وفاقی وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے مضافاتی علاقوں سے سیکشن 4 کے تحت لوگوں کی اراضی کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی فیصلہ کرے اس نے ان سے یہ زمین خریدنی ہے یا نہیں جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو پانی کی فراہمی کا مستقل حل نکالا جائے، وزراءنے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئر پورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی غیر معیاری تعمیر کے ذمہ داروں کی تفصیلات سے 15 دنوں میں آگاہ کرے، اس وقت بھی غیر معیاری کام ہو رہا ہے جبکہ ایئرپورٹ پر افرادی قوت کی کمی کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ  کا دورہ کرنے والے وزرا میں  وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان، وفاقی وزیر نجکاری و ہوا بازی محمد میاں سومرو، وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر محمود کیانی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، وزیراعظم کے مشیر ذوالفقار علی بخاری اور وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل تھے

اے پی پی/ظہیر /طاہرمحموداعوان