وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ٹیلی ویژن میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس

241

اسلام آباد،23 جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان  کی زیر صدارت  بروز بدھ پاکستان ٹیلی ویژن میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان  نے  پی ٹی وی کے انتظامی اور مالی امور پر تفصیلی بریفنگ  دیتے ہوئے  کہا کہ پی ٹی وی جیسے قومی نشریاتی ادارے کو اس وقت انتظامی اور مالی مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف نوعیت کے مسائل درپیش ہیں جن میں استعداد کار ، پروڈکشن اور معیاری مواد کی پیداوار شامل ہیں۔ انہوں  نے  مزیدکہا کہ ماضی کی مالی بد انتظامیوں کی بدولت اس وقت ادارے کے ذمے  5.8 ارب روپے کے واجبات ہیں جبکہ پنشن کی مد میں  14 ارب روپے کے واجبات اس کے علاوہ ہیں۔ نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کے لیے مزید 1.2 ارب روپے درکار ہیں۔

وزیر اعظم  عمران خان نے کہا کہ پی ٹی وی ایک اہم قومی ادارہ ہےجس نے  پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ بد قسمتی سے پچھلے ادوار میں اسے صرف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا ۔  لیکن اب پی ٹی وی ملکی تشخص، قومی ورثے  اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سرکاری نشریاتی ادارے میں مالی بد انتظامیوں کی سزا کسی صورت عوام کو  نہیں دی جا سکتی اور اس  موقع پر وزیر اعظم نے  پی ٹی وی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ  ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور اپنے مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے مربوط بزنس پلان ترتیب دے۔

اس موقع پر ایم ڈی پی ٹی وی نے پی ٹی وی ملازمین کی جانب سے اسی لاکھ روپے کا چیک بھی  ڈیم فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات ونشریات فواد حسین، معاونین خصوصی نعیم الحق،  افتخار درانی، ندیم افضل گوندل، چیئرمین  پی ٹی وی ارشد خان، سیکرٹری وزارت  اطلاعات اور سینئر افسران  نے بھی شرکت  کی۔

اے پی پی/ظہیر/فاروق

وی این این اسلام آباد