وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دو روزہ دورے پر روانہ

247

اسلام آباد 29 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج دو دن کے دورے پر عمان روانہ ہو گئے ہیں۔ دورے کے دوران وہ پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت کریں گے۔

روانگی سے قبل سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن میں پاکستان عمان کے وزرائے خارجہ سمیت مختلف محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمان خطے کا اہم ملک ہے پاکستان اور عمان کےدرمیان  دیرینہ تعلقات ہیں۔

وزیر خارجہ کا  کہنا تھا کہ دورہ کے دوران   عمان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت عمانی اعلی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہونگی۔ ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا اور دورے میں مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط کریں گے جبکہ  مستقبل میں تعاون کو بڑھانے کے لئے لائحہ عمل تشکیل دینے پر بات چیت بھی  ہوگی۔

شاہ محمود  قریشی  نے مزید کہا کہ افغانستان اور خطے کی صورتحال پر عمانی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عمان میں رہائش پذیر پاکستانی برادری سے بھی ملوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔

اے پی پی/ حمزہ رحمٰن/ شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد