پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کا نریندر مودی کا خواب کبھی پور انہیں ہوگا: شاہ محمود قریشی

334

میونخ ( جرمنی)، 16 فروری (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مُختلف ممالک کے وزرا خارجہ، افغان صدر اور دیگر بین الاقوامی برادری کے نمائندگان سے ملاقاتیں بہت مفید رہی ہیں ۔ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب کبھی پور انہیں ہوگا۔

میونخ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ دنیا حقائق سے واقف ہے کہ پاکستان کو پلوامہ واقعے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ افسوس ناک واقعہ ہے اور پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان جانی نقصان  اور تشدد کے حق میں نہ کل تھا  اور نہ آج ہے ۔میں جانی نقصان ہونے پر ان خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کو کبھی بھی  دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔یہ ہماری واضع پالیسی اور حکمت عملی ہے۔ پلوامہ واقعہ پر اگر ہندوستان کے پاس ثبوت ہیں تو پیش کرے پاکستان تعاون کرے گا۔الزام تراشیوں سے نہ پہلے کچھ حاصل ہوا ہے نہ آج ہوگا۔

وزیر خارجہ  نے مزید کہا کہ بھارت کو سیات سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہیے، انتخابات آتے جاتے رہتے ہیں خطے کے امن و استحکام کو فوقیت دینی چاہیے۔میں آج کانفرنس کے اختتام پر پہلے سے زیادہ پراعتماد لوٹ رہا ہوں، امریکن سینٹرز سے ملاقات میں واضع ہوگیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اینگیج کرنے کو تیار ہیں۔

اے پی پی/حمزہ رحمٰن/فاروق

وی این ایس، میونخ