یو اے ای میں گلوبل گورننس سمٹ میں عمران خان بطور کلیدی سپیکر اظہار خیال کریں گے: شاہ محمود قریشی

243

اسلام آباد، فروری 10 (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا متحدہ عرب امارات میں گلوبل گورنس سمٹ منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان بطور کلیدی سپیکر اظہار خیال کریں گے۔یہ متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ دورہ ہے جسکی وزیراعظم کو دعوت دی گئی تھی –

اتوار کے روز وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ وزیر خارجہ نے کہا گورننس ایک ایسا ایشو ہے جسکی ہمارے خطے کو اور بالخصوص پاکستان کو بے حد ضرورت ہے۔

شاہ محمود نے کہا ہمارے بہت سے مسائل نے بری گورننس کی وجہ سے جنم لیاچنانچہ وزیر اعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا دورہ متحدہ عرب امارات کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہو گی- پاکستان چاہتا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایسی شرائط کے ساتھ  آگے بڑھے جن سے عوام پر کوئی ایسا ناروا  بوجھ نہ پڑے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا متحدہ عرب امارات کے کراؤن پرنس اور وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات بھی ہو گی اور مذاکرات بھی ہوں گے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، وزیر بحری امور علی حید زیدی اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری بھی وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔

اے پی پی/ عمّار برلاس/ رضوان

سورس: وی این ایس اسلام آباد