موجودہ حکومت ،عمران خان کی قیادت میں پہلی ماحول دوست حکومت  ہے: فواد چوہدری

198

اسلام آباد، 21 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے  اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شجر کاری کی جا رہی ہے،وزیر اعظم  عمران خان کی قیادت میں پاکستان  میں پہلی ماحول دوست حکومت  ہے۔

وزیر اطلاعات نے جہلم میں شجر کاری پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جنگلات کو بھی کرپشن کی نذر کر دیا گیا،ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کی فصل کو پانی دیا جو خار دار درخت بن گئے۔ملک بھر میں  صاف ماحول اور ہریالی کا زمانہ ہے،   اس رقبے پر سایہ دار درخت لگا رہے ہیں تا کہ پرندے آئیں۔

وفاقی وزیر نے بھارت میں ہونے والے سمجھوتہ ایکسپریس کے  فیصلے کے بارے میں میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کو بری کرنا قابل مذمت ہے،دہشت گردوں کی رہائی بھارتی نظام انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔بھارت میں ماضی میں دہشتگردوں کو بری کیا جاتا رہا ہے،بھارتی حکومت ہندو انتہا پسندی کو فروغ دے رہی ہے جبکہ پاکستان نے شدت پسندوں کیخلاف بھر پور کارروائی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے،وزیراعظم عمران خان شہروں کی خوبصورتی اور ترقی کی بات کرتے ہیں،ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں واضح کمی اور خسارے کا سامنا رہا ہے،ماضی کے سیاست دانوں کا مستقبل تاریک ہے، ایک طویل عرصے بعد عالمی رہنما پاکستان کا دورہ کر رہےہیں،پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر آگے لیکر جانا چاہتے ہیں اور اب پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

فواد  چوہدری  نے کہا کہ شجر کاری مہم کے حوالے سے آگاہی ہر شخص کی ذمہ داری ہے، جہلم میں شجر کاری پروگرام بہترین مستقبل کی نوید ہے،علاقے کے تاریخی مقامات محفوظ بنا کر سیاحوں کیلئے پر کشش بنا نا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں جنگلات کا دن منایا جا رہا ہے،جہلم میں 35ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائیں گے۔35ایکڑ جگہ قابضین سے واگزار کرایا گیا ہے۔

وی این ایس  جہلم