وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پیش کی جانے والی متفقہ قرارداد کے حوالے سے میڈیا بریفنگ 

212

اسلام آباد ، 01  مارچ   (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ  کے مشترکہ اجلاس میں پیش کی جانے والی متفقہ قرارداد میں امن کا واضح پیغام،کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا پیغام ، پاکستان کا نقطہء نظر اور بھارتی جارحیت کے خلاف قومی عزم کا پیغام ہے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ ہماری اس مشترکہ قرارداد کے حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں کے ساتھ نشست ہوئی ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے گوجرانوالہ سے ایم این اے غلام دستگیر خان اور پیپلزپارٹی کی نمائندگی نوید قمر صاحب نے کی  اور انہوں نے دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس مشترکہ قرارداد سے اتفاق رائے کیا۔

انہوں نے کہا  کہ اس  قرارداد  پر تمام نمائندوں نے دستخط کردیئے ہیں  اور  یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے جس پر میں پوری پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ آج پوری پارلیمان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں خاص طور پر اپوزیشن ممبران ، قائد حزبِ اختلاف اور باقی پارٹیوں  کے قائدین کا  بھی جنہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یکجہتی کا اظہار کیا اور مشترکہ قرارداد پر بھی  اتفاق کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد