وزیراعظم عمران خان کا امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

383

اسلام آباد،28 فروری ( اے  پی پی ):وزیر اعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ اس ملک کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے ہم  غلامی قبول نہیں کریں گے، پاکستان امن چاہتا ہے لیکن ہماری مذاکرات اور امن کی کوششوں کو بھارت کمزوری نہ سمجھے۔ بھارت کو پیغام دیتا ہوں اس سے آگے نہ جائیں،کل  جذبہ امن کے تحت بھارتی پائلٹ کو چھوڑ دیں گے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا شکرگزار ہوں، پوری قوم اس وقت متحد ہے، کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھائے تو ہم دو  بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا مودی کو خط لکھا لیکن ردعمل اچھا نہیں آیا، مودی کا ردعمل اس لیے اچھا نہیں کیونکہ بھارت میں الیکشن ہیں۔ بھارت کو کہا ثبوت دیں، ایکشن لیں گے، ثبوت دینے کی بجائے بھارت میں جنگی ماحول پیدا کیا گیا۔

انہوں نے کہا بھارت سے یہ بھی کہا کہ کوئی کارروائی کی تو جواب دیں گے، بھارت نے آج پلوامہ سے متعلق ڈوزیئر دیا مگر اس سے پہلے پاکستان پر حملہ بھی کر دیا۔وزیر اعظم نے کہا  کہ میں  نے خود کل کوشش کی کہ مودی کو ٹیلی فون کروں، عالمی برادری نے بھی کوشش کی کہ کشیدگی کم ہو۔ انہوں نے کہا کوشش کریں گے  کہ ترکی سے بھی مسئلے کو حل کرانے کی بات کریں، تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، پاکستان امن چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا 4 سال کے دوران کشمیر میں انتہائی ظلم ہوا، مقبوضہ کشمیر میں ایک تحریک شروع ہو چکی ہے، کشمیری آزادی کے علاوہ کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ایک 19 سالہ کشمیری نوجوان خودکش بمبار بن گیا ؟ کیا بھارتی عوام کو اپنی حکومت سے یہ سب نہیں پوچھنا چاہیے۔

وزیر اعظم نے  کہا کہ اس ساری صورتحال میں پاکستانی میڈیا نے مثبت کردار ادا کیاکیونکہ ہمارے میڈیا نے خود دیکھا کہ  دہشتگردی سے کتنی  تباہی ہوتی ہےمگر بھارتی میڈیا نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ کاش بھارتی میڈیا نے دہشتگردی سے ہونے والی  تباہی دیکھی ہوتی۔

وزیر اعظم نے کہا اس وقت  دنیا میں سب سے زیادہ غربت برصغیر میں ہے۔وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا جہاں چند لوگ امیر ہوں مگر باقی لوگ غربت کی چکی میں پس رہے ہوں،چائنہ نے ستر لاکھ لوگوں کو غربت سے نکالا اور انہوں نے اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ،چین نے ہمسایوں کے ساتھ مسائل کو اچھی طرح سے نمٹایا ہے۔

سورس:وی این این ، اسلام آباد