اسلام آباد، 12 مارچ (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمنی کے وزیر خارجہ کو پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دراندازی اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی جارحیت کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ ء خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو انڈیا کے حوالےکر دیا ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی وزارتِ خارجہ آمد پر اپنے ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کا دوطرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق ہوا۔
جرمن وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کو اپنے معاملات بذریعہ مذاکرات حل کرنے پر زور دیا اور کہا ہم افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سورس: وی این ایس اسلام آباد











