وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی یورپی پارلیمنٹ کے رکن واجد خان اور پاک یورپین یونین فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین پرویز لوسر سے گفتگو

408

 

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے باسیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا، پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان اور پاک یورپین یونین فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین پرویز لوسر سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں معزز مہمانوں نے یورپین پارلیمنٹ کی ہیومن رائٹس کمیٹی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلقہ سماعت کی تفصیلات سے بھی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نہتے کشمیریوں پر جاری سنگین مظالم کو یورپین پارلیمنٹ میں اٹھانے پر واجد خان کا بالخصوص اور کشمیری تارکینِ وطن کا بالعموم شکریہ ادا کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ناگفتہ بہ صورتحال پر ہیومن رائٹس کمیشن اور آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی چشم کشا رپورٹس نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ان رپورٹس کے مطالعہ سے پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے باسیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

VNS ISLAMABAD