کمانڈر ترک فضائیہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

285

اسلام آباد، 10اپریل(اے پی پی ): ترک فضائیہ کے ایک وفدنے آج کما نڈر ترک فضائیہ ، جنرل حسن کیچیکاکیاز  کی سربراہی میں ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور  پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی ۔

کمانڈر ترک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ سےان کے  آفس میں ملاقات کی اور علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معزز شخصیات نے فضائی افواج کے درمیان بے مثال دوستانہ تعلقات کو نئی جہت سے روشناس کرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کمانڈر ترک فضائیہ نے حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔

 پاک فضائیہ کے سربراہ  ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات اس بات کے غماز ہیں کہ ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستا ن کا ساتھ دیا ہے۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی  چڑھائی۔

وی این ایس، اسلام آباد