ریاست بصارت سے محروم لوگوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

385

اسلام آباد ، 30 مئی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ریاست بصارت سے محروم لوگوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے، اس سلسلہ میں مناسب پالیسیوں کی تشکیل کے لئے معذور افراد کے درست اعداد و شمار مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ (پی اے بی) کراچی کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں پی اے بی کے صدر غلام دستگیر اور جنرل سیکرٹری قاری سعد نور شامل تھے۔ صدر مملکت نے پی اے بی کی جانب سے بصارت سے محروم لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ان کی تعلیم و تربیت و بحالی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بصارت سے محروم افراد کے لئے مخصوص کوٹہ پر مناسب عمل درآمد سمیت ان کی کاوشوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

صدر مملکت نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ پر زور دیا کہ بیت المال کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کیا جائے۔ ڈاکٹر فاطمہ شاہ نے 1960ءمیں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کا قیام عمل میں لایا اور یہ والنٹیئر سوشل ویلفیئر ایجنسی آرڈیننس کے تحت رجسٹرڈ کی گئی۔ اس کے قیام کا مقصد بصارت سے محروم افراد کو تعلیم، تربیت و بحالی کے ذریعے معاشرے کے خود مختار، قابل احترام اور فعال شہری بن سکیں۔ یہ پاکستان میں اپنی طرز کی واحد رجسٹرڈ تنظیم ہے جس کی اسلام آباد میں فیڈرل زون، صوبائی دارالحکومتوں میں چار صوبائی برانچیں اور ملک بھر میں 47 ضلعی برانچیں قائم ہیں۔ علاوہ ازیں پی اے بی بصارت سے محروم افراد کی مختلف سرکاری محکموں اور نجی اداروں میں مخصوص کوٹہ پر بھرتیوں کے لئے بھی کوشاں ہے۔

سورس: وی این  ایس، اسلام آباد