وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ کویت شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات

229

کویت،19مئی(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  کویتی نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح سے یہاں  وزارتِ داخلہ میں اتوار کے روز  ملاقات کی،ملاقات میں پاک کویت دو طرفہ تعلقات اور ویزہ پابندیوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے دورہ  کویت کی دعوت اور  عظیم الشان خیر مقدم پر کویتی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ،کویت کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے پاکستانی حکومت اور عوام کے دلوں میں کویتی قیادت باالخصوص امیر کویت کیلئے بہت احترام پایا جاتا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی ورک فورس ،کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے،کویت میں سالہا سال سے مقیم پاکستانی کمیونٹی، ویزہ پابندیوں کے حوالے سے انتہائی تذبذب کا شکار ہے انہیں اپنی فیملیز کو کویت بلوانے میں کافی مشکلات پیش آ رہی ہیں،یہی وجہ ہے کہ 2015 میں ایک لاکھ پندرہ ہزار پاکستانی کویت میں مقیم تھے جن کی تعداد کم ہو کر ایک لاکھ پانچ ہزار تک آ گئی ہے۔

کویتی نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح نے وزیر خارجہ کی کویت آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ کویتی حکومت پاکستان کی طرف سے کی گئی درخواست پر ہمدردانہ غور کریگی اور اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ کاوشوں کی یقین دھانی کرائی۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد