اپوزیشن کی گیدڑ بھبھکیوں کے باوجود وفاقی بجٹ خوش اسلوبی سے منظور ہوا: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

346

اسلام آباد، 28جون(اے پی پی ):معاون خصوصی برائے  اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اور دفاع کے ساتھ جڑے بجٹ کی منظوری خوش آئند ہے، اپوزیشن کی گیدڑ بھبھکیوں کے باوجود  وفاقی بجٹ خوش اسلوبی سے منظور ہوا۔

پارلیمنٹ  ہاوس  کے  باہر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کیساتھ ملکر بھرپور اکثریت سے بجٹ منظور کرایا گیا۔ بجٹ منظوری میں تعاون پر اتحادی جماعتوں کے مشکور ہیں۔ 70گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والا پاکستان کی تاریخ کا طویل  ترین بجٹ اجلاس تھا۔ اپوزیشن نے بجٹ کی منظوری میں رکاوٹ بننے کیلئے تمام حربے آزمائے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کے ایوان میں موجود کھلاڑیوں نے اپوزیشن کی  ہر  چال ناکام بنائی،اپوزیشن کے آئینی اور قانونی کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔بجٹ منظوری عوامی نمائندوں کا عمران خان کے وژن پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔حکومت نے پہلے مرحلے میں اپوزیشن کو چاروں شانے چت کردیا۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف مجوزہ تحریک کا انجام مختلف نہیں ہوگا۔ تمام اکائیوں کو تحفظ دینے کا نام سینیٹ آف پاکستان ہے۔چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد وفاق پر حملے کے مترادف   ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ کے تحفظ کیلئے حکومت تمام آئینی اقدامات کریگی۔عوامی اور معاشی مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن حکومت کیساتھ تعاون کرے۔ عوام کی امیدوں کے مطابق پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

ڈاکٹر فردوس  نے کہا کہ سندھ میں برسر اقتدار جماعت صوبے میں عوام کے مسائل حل کرے۔ حکومت کی موثر کارکردگی اپوزیشن کو شرمندہ کرے گی۔ بجٹ منظوری کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل چکی۔ اپوزیشن اپنا وقت اور وسائل کے ضیاع کی بجائے  عوام کی بہتری کیلئے کردار اداکرے۔

انھوں  نے مزید  کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی حتمی ڈیڈ لائن 30جون ہی ہے۔ایمنسٹی سکیم کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔بعض نجی چینلز اپنی خواہشات کو وزیراعظم سے منسوب کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،معیشت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے،سیاست کے دیگر میدان بہت ہیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد