دوسری ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکلنگ ریس کےلئے مکمل طور پر فٹ ہوں، ٹائٹل کے دفاع کےلئے بھرپور کوشش کروں گا، عبدالرزاق

327

گلگت ، 26 جون (اے پی پی):قومی سائیکلسٹ عبدالرزاق نے کہا ہے کہ دوسری ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکلنگ ریس کےلئے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ اس بار بھی ٹائٹل کا دفاع کروں گا۔ ایونٹ میں سری لنکا کی ٹیم کی پہلی مرتبہ آمد خوش آئند ہے، آئندہ برس دوسری غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہئے کیونکہ پاکستان کھیلوں کےلئے ساز گار ملک ہے ۔ بدھ کو ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کے قومی سائیکلسٹ نے کہا کہ گزشتہ سال ٹور ڈی خنجراب سائیکلنگ ریس میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس مرتبہ پہلے سے زیادہ تیاری کی ہے اور توقع ہے کہ اس مرتبہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیڈریشن اور گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ایونٹ کےلئے کئے گئے انتظامات سے خوش ہیں۔ جنہوں نے ہم سے بھرپور تعاون کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں دو غیر ملکی ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔ سری لنکن ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ سائیکلنگ ریس میں سخت مقابلے کی توقع ہے کیونکہ زیادہ بلندی پر آکسیجن کی کمی ہوتی ہے اور ہم نے اس کےلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔

 عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے سازگار ملک ہے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان میں کھیلوں کا حصہ بننا چاہئے کیونکہ پاکستانی کھلاڑی بھی دوسرے ممالک میں کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں تو انہیں بھی یہاں پر میگا ایونٹ میں بھرپور شرکت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔ اور آئندہ سال زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں بلکہ ٹورازم کے فروغ کےلئے بھی ہے۔

وی این ایس، گلگت