عمران خان کی قیادت میں قوم موجودہ عارضی مشکلات سے جلد نکلے گی : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

227

اسلام آباد ، 16 جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ بلاول بھٹو اور مریم صفدر کی ملاقات پر بے نظیر بھٹو کی روح بے چین ہوگی، رائے ونڈ ہال میں سیون سٹار سہولتوں سے محظوظ ہونے کے بعد ابو بچاﺅ مہم کیلئے بیٹھک ہوئی، سزا یافتہ شہزادی کا آج کا بیان عمران خان کے ایجنڈے کی جیت ہے، عمران خان کی قیادت میں قوم موجودہ عارضی مشکلات سے جلد نکلے گی، جو انکوائری کمیشن وزیراعظم بنانے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے رائے ونڈ میں سینے کا درد کروٹے لے رہا ہے۔

اتوار کو نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں پاکستان کے سب سے بڑے حریف بھارت کے خلاف اہم میچ پر لگی ہوئی ہیں، میں قوم کو آج تقسیم نہیں کرنا چاہتی تھی تاہم ایک سیاسی ٹولے کی سیاست کا انتقال ہوا ہے اس لئے وہ مل بیٹھ کر اثاثے بچانے کی حکمت عملی پر غور کر رہے تھے، کھانوں کی طویل فہرست اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کس طرح عوامی مسائل پر بات ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں، ٹیم متحد ہوکر پاکستان کیلئے کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول بھٹو کی ملاقات پر بینظیر کی روح بے چین ہوگی، رائیونڈ محل میں سیون سٹار سہولتوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد ابو بچاو مہم کیلئے اکٹھے تھے، فادرزڈے پر دونوں بچوں نے اپنے اپنے ابو کو یاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس جس محکمے میں اختیار کا غلط استعمال ہوا کمیشن اس کی تحقیقات کرےگا۔ خواجہ آصف اور احسن اقبال کے کیسز کمیشن کو بھیجے جارہے ہیں جوں جوں کمیشن کے پاس یہ اختیارات آتے جائیں گے ان کی چیخیں بلند ہوتی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب راج کماری کی کنیز ہے،مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات کو اپنی سیاسی وفاداری نبھانے کیلئے استعمال کیا،کنیز خاص مریم اورنگزیب پی ٹی وی کو تباہ کرکے چلی گئیں، مریم اورنگزیب کے نفسیاتی علاج کیلئے میں خود ہی کافی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدالت نے مریم صفدر کو نا اہل قرار دیا ہے،عوام کے درد کا ذکر کرنے والے سونے کا چمچ منہ میں لیکر پیدا ہوئے، مریم صفدر بیرونی ایجنڈے پر منتخب حکومت پر تنقید کررہی ہیں، چارٹر طیاروں اور منرل واٹر پینے والے عوام کے درد کی باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نابالغ شخص کے پاس ہے،نابالغ اپوزیشن کے پاس سوائے شور مچانے کے اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے دونوں رہنماﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تکلیف کا حکومت کو بخوبی احساس ہے، شہباز شریف کی ملاقات میں عدم موجودگی انتشار اور دھڑے بندے کو ظاہر کرتی ہے، حکومت اتحادیوں کیساتھ ملکر وفاقی بجٹ منظور کرالے گی، سزا یافتہ شہزادی کا آج کا اعلامیہ عمران خان کے ایجنڈے کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پہلی بار سرکاری سہولتوں سے محروم ہوئے ہیں، سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہاتھ ملتا رہ جائے گا، محل میں بیٹھ کر تیتر بٹیر کھاکر عوام کی ہمدردی کیسے کی جاسکتی ہے، انکوائری کمیشن کا درد رائیونڈ ملاقات میں کروٹیں لیتا نظر آیا، انکوائری کمیشن تمام وزارتوں میں ماضی میں کی گئی بدعنوانیوں کی تحقیقات کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سیاسی اور عسکری قیادت آئیڈیل ماحول میں کام کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت کو ڈوبتی کشتی کے مسافروں سے کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم ان کا محاسبہ کرنا اور جھوٹ کا احاطہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا احتساب کرنا ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرح ایسے نہیں کرسکتے جس طرح انہوں نے کیا کہ گیند روکنے والا کوئی نہیں تھا جہاں یہ ہٹ کریں گے ہم اپنی موثر حکمت عملی سے ان کی باﺅنڈریاں روکیں گے اور ان کی وکٹیں اڑائیں گے، ہم ان کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد