قومی اسمبلی کا ایک اور اجلاس اپوزیشن ارکان کے ہنگامے کی نذر ہوگیا

181

اسلام آباد 10جون( اے پی پی ):  قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نیب کے سامنے کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیا لہذا ان کی گرفتاری بلاجواز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہی آصف زرداری کے پرودکشن آرڈر جاری کیے جائیں شہباز شریف نے  خواجہ سعد رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لیڈر اف دی اپوزیشن کی طرف سے یہ کہنا کہ نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے انتہائی افسوس ناک بات ہے میں اس بات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے ہم اس کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں  دیں گے۔وفاقی وزیر برائے   داخلہ بریگیڈئیر ر اعجاز شاہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے ساتھ حکومت کا  کوئی  تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ کورٹ کے احکامات پر ہو رہا ہے لہذا حکومت اس حوالے سے کوئی بھی جواب دینے سے قاصر ہے۔

قائد حزب اختلاف کے مطالبے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مجھے اس معاملے پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کچھ وقت دیں۔اس سے پہلے پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر صاحب ہم آپ سے انصاف چاہتے ہیں،

شازیہ مری نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آصف علی زرداری ایوان میں آئیں۔  اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو کو تقریر کا موقع دیا جائے جبکہ  اسپیکر کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو اظہار کا موقع دیا گیا تاہم اپوزیشن کے شور شرابے کے باعث کسی کو بھی اظہار خیال کا موقع نہیں ملا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا تو پھر کسی کو بھی بولنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

اپوزیشن اراکین کے شور شرابے اور نعرے بازی پر پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے ایوان کی کارروائی کو کل 5 بجے تک ملتوی کردیا۔

سورس وی این ایس اسلام آباد