وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ریسٹ ہاﺅسزکو سیاحت کے فروغ کے لئے بروئے کار لانے کےلئے جائزہ اجلاس

224

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ریسٹ ہاﺅسز کو عوام الناس کے زیر استعمال لانے اور سیاحت کے فروغ کے لئے بروئے کار لانے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، وزیرِ سیاحت خیبر پختونخوا محمد عاطف، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم ویگر افسران شریک وزیرِ سیاحت پنجاب اور خیبرپختونخوا نے مختلف محکموں کے ریسٹ ہاﺅسزکو عوام الناس اور سیاحت کے لئے زیر استعمال میں لانے کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِ سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے بتایا کہ پنجاب میں مختلف محکموں کے 177ریسٹ ہاﺅسز کو عوام الناس کے استعمال کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں کل ریسٹ ہاﺅسز کی تعداد 157ہے جو کہ محکمہ زراعت، جنگلات، پولیس و دیگر محکوموں کی ملکیت میں ہیں۔ ان ریسٹ ہاﺅسزکو مختلف محکمہ جات سے لیکر ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں دینے کا کام جاری ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام ریسٹ ہاﺅسز کی درجہ بندی کی جائے تاکہ ان ریسٹ ہاﺅسزکو سیاحت اور عوام الناس کے استعمال میں لانے کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ ان ریسٹ ہاﺅسز کے کمرشل بنیادوں پر استعمال سے نہ صرف آمدنی میسر آئے گی بلکہ انکی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے وسائل بھی دستیاب آئیں گے اور اس طرح ان عمارات کی تاریخی ویلیو بھی برقرار رہے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری ریسٹ ہاﺅسز کو عوام الناس کے لئے کھولنا حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس پالیسی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور معلومات فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سورس: وی این ایس