حکومت نے میڈیا کارکنوں کے تحفظ کا عزم کررکھا ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

323

اسلام آباد، 05جولائی(اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کارکنوں کے تحفظ کا عزم کررکھا ہے۔

انہوں نے جمعہ کی شام اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جامع میڈیا پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو میڈیا کارکنوں کیلئے تنخواہوں کے نظام کا تعین کریگی۔

معاون خصوصی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت میڈیا تنظیموں کے اشتراک سے یہ پالیسی تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان کو کارکنوں کو باقاعدگی سے تنخواہیں دینی چاہئیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے اور بیرونی ممالک اب پاکستان کے ساتھ اقتصادی اشتراک عمل کے لئے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور بے نامی اثاثہ جات کے زریعے واگراز کرائی گئی رقم احساس پروگرام کے تحت غریب عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کی جائیگی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کی سونامی مہم تحریک انصاف کی حکومت کا کامیاب ترین منصوبہ ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد