صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تیونس کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی الوداعی ملاقات

188

اسلام آباد، 31 جولائی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تیونس کے سبکدوش ہونے والے سفیر عدیل العربی نے بدھ کے روز یہاں ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی ۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے مختلف بین الاقوامی معاملات پر یکساں مفادات ہیں اور بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک ایک جیسا موقف رکھتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ سیاسی خیرسگالی اور قربت کے باوجود دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت اس کی حقیقی استعداد سے بہت کم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے گوادر میں اپنی گہرے سمندر کی بندرگاہ اور سی پیک راہداریوں کے ذریعے تیونس کو وسط ایشیائی ریاستوں اور چین کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کا منفرد موقع فراہم کیا۔

انہوں نے تیونس کے سبکدوش ہونے والے سفیر کو پاکستان میں اپنی تعیناتی کا عرصہ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ان کی کوششوں کو سراہا۔

 تیونس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو خوشگوار بنانے اور بہترین میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد