کمپنیوں اور اداروں کا ڈیجیٹل تبدیلیوں سے استفادہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

166

اسلام آباد ، 31 جولائی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت ڈیجیٹل دور کے اگلے مرحلہ میں داخل ہو رہی ہے اور اس کا پہلے ہی سے استعمال کرنے والی کمپنیوں اور اداروں میں اس کے ثمرات دیکھے جا سکتے ہیں، اب سب کیلئے ڈیجیٹل تبدیلیوں سے استفادہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر عطاءالرحمن اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شعیب صدیقی شامل تھے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے ساتھ منسلک ہے اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے اس کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے بہت سے ثمرات حاصل کئے جا سکتے ہیں اور یہ مختلف کمپنیوں، ڈویلپیئرز، حکومتی اداروں اور ورکرز سمیت سب کیلئے ایک ضروری چیلنج بن چکی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں کسی بھی ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کلیدی حیثیت کی حامل ہے، علم پر مبنی معیشت پاکستان کی جامع ترقی کیلئے ناگزیر ہے جس کیلئے ہمیں اپنے عوام جو کہ رسمی تعلیم حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے کو فاصلاتی تعلیم فراہم کرنے اور اس کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد