وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

246

اسلام آباد، 31جولائی(اے پی پی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے  سعودی ہم منصب ترکی بن عبداللہ الشبانہ  نے بدھ کے روز یہاں  ملاقات کی

اس موقع  پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے  اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کرنے کیلئے سعودی عرب کیساتھ مشترکہ کمیونیکیشن حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فلم، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کے مابین لوگوں کے آپسی روابط کو مضبوط کرنے کیلئے اہم ہے  جبکہ اس سے دونوں ممالک کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے دونوں ممالک کے مابین  ڈبنگ کیساتھ ڈراموں کے تبادلوں  کی  بھی تجویزدی ۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم اور ڈرامے کسی بھی معاشرے کی اقدار اور ثقافت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اپنے ہیروز سے روشناس کروانا ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،فلم کے شعبے میں تعاون پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی اور حسین مقامات  کو اجاگر کرنے میں کارگر ثابت ہو گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے دونوں ممالک کے مابین  ریڈیو کے شعبے میں تعاون مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان کی عوام سعودی قیادت اور لوگوں سے والہانہ محبت اور عقیدت  رکھتی ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے اس موقع پر کہا کہ بطور وزیر اطلاعات یہ کسی بھی ملک میں یہ میرا پہلا دورہ ہے۔اس ضمن میں پاکستان میرا پہلا انتحاب تھا۔سعودی وزیرِ اطلاعات نے دونوں ممالک کے مابین فلم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے معاون خصوصی کے خیالات کو سراہا۔ملاقات میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی،سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین کے علاوہ دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام  بھی موجود تھے۔

وی این ایس،اسلام آباد