وزیر اعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کے وفد کی ملاقات

198

لاہور ، 18 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کے وفد نے  جمعرات کو  یہاں ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیرِ صنعت میاں محمد اسلم اقبال، صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری، ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر اور سینئر افسران شریک تھے۔

نمائندگان نے موجودہ حکومت کے جانب سے معیشت کو باقاعدہ دستاویزی شکل میں لانے اور ٹیکس اصطلاحات کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ نمائندگان نے انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاءکو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔ وزیر اعظم نے انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا۔ وزیر اعظم نے اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

صنعتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 1960 کی دہائی کا پاکستان ایشیاءمیں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی۔ بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے، اس کی بدولت روزگار میسر ہو گا اور ملک میں دولت پیدا ہو گی۔

وزیراعظم نے نمائندگان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ لاہور چیمبر کے نمائندگان نے وزیراعظم کو ایک لاکھ پودے لگانے کی مہم کے بارے میں آگاہ کیا اور وزیر اعظم کو اس مہم کے افتتاح کی درخواست کی۔

وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، نعیم الحق، ندیم افضل چن بھی ملاقات میں موجود تھے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد