صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہسپتالوں میں جزا و سزا کا نظام متعارف کرایا جائے:وزیراعظم عمران خان

242

لاہور ، 18 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں جزا و سزا کا جامع نظام متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو یہاں شعبہ صحت کی بہتری کے سلسلے میں موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ کے دوران دی۔ سیکرٹری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا نے وزیراعظم کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صحت کے شعبے کے لیے مختص بجٹ اور وسائل کا موثر اور بطریق احسن استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے انتظام و انصرام کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، انصاف صحت کارڈ کا دائرہ کار صوبے کے پسماندہ علاقوں میں مزید بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کے شعبے میں جو کامیابیاں سمیٹیں، وہ ہماری حکومت کی اس شعبے کو ترجیح دینے کا عملی ثبوت ہے۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد