بھارت نے ہمشہ، عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی،سلامتی کونسل دباؤ ڈالنے مںا ناکام رہا تو مقبوضہ کشمیر میں بوسناا جسےہ حالات کا سامنا ہوگا: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

203

اسلام آباد ، 16 اگست (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے نام نہاد سیکولر ریاست بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، بھارت  ہمیشہ عالمی قوانین کو اپنے پاؤں تلے روندتا رہا ہے، اگر مقبوضہ وادی میں نسل کشی کا عمل جاری رہا تو بوسنیا اور روہنگیا جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا تو کشمیریوں کیلئے وہ سب کچھ کرنے پر مجبور ہوں گے جو انسانیت کیلئے کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے، 1974ء میں اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا بھارت کو ایٹمی تجربات کرنے سے نہ روک سکی، بھارت نے اپنے اقدامات سے شملہ معاہدہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو روند ڈالا کیونکہ بھارت  ہمیشہ عالمی قوانین کو اپنے پاؤں تلے روندتا رہا ہے اور پیغام دیا ہے کہ یہ اس کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر کے معاملہ پر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اور 10 غیر مستقل رکن ملکوں کا آج امتحان ہے، اگر سلامتی کونسل بھارت پر دباؤ ڈالنے میں ناکام رہی تو ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 70 سالہ بربریت کے باوجود بھارت کشمیریوں کا جذبہ حریت نہیں دبا سکا، کشمیر میں 13 دن سے کرفیو نافذ ہے، لاک ڈائون ہے، مواصلات بند ہیں اور ادویات کی قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف بین الاقوامی میڈیا بلکہ بھارت کے اندر سے بھی اس کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں موجود ہیں، بھارت مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقبوضہ وادی میں نسل کشی کا عمل جاری رہا تو بوسنیا اور روہنگیا جیسے حالات کا سامنا ہوگا۔

سورس: وی این ایس، اسلا م آباد