اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے: شاہ محمود قریشی

205

لاہور، 15 اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام کے قتل عام سے مودی کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے کیونکہ کشمیر کی   عوام  کی سلامتی کونسل کے اجلاس سےامیدیں وابستہ  ہیں۔

لاہور میں یوم سیاہ کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے  ہوئے انہوں نے  قوم اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مقصد کے لئے متحد رہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان آخری سانس تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورموں پر اجاگر کرتا رہے گا۔

 وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روسی ہم منصب سے مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں  تفصیل سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع کرتے ہیں کہ روس ہمارے نکتہ نظر کی حمایت کرے گا۔ وزیر خارجہ نے آگاہ  کیا  کہ ہم نے  ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے لیکن  اگر کوئی جنگ مسلط کرے گا تو دفاع کا حق رکھتے ہیں۔

 وی این ایس ، لاہور