قومی سلامتی کونسل نے بھارت سے تجارت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

274

اسلام آباد، 07اگست ( اے پی پی): وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے غیرقانونی اقدام کرتے ہوئے بھارت نے خود اس مسئلے کو انٹرنیشنلائز کردیا ہے اور اس کو ہم اقوام متحدہ لے کر جارہے ہیں جس کے حوالے سے چین سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی غیرقانونی اقدام کی پاکستان میں بھرپورمذمت کی گئی اورمقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت نےبھارتی اقدام کوتسلیم نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے مسئلہ کشمیر مزید پیچیدہ کردیا، مقبوضہ کشمیرکی حیثیت تبدیلی کےاقدام کی بھارت میں بھی مخالفت کی گئی اور بھارت کے اس اقدام سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر توجہ حاصل کرچکا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فیصلے نے تمام کشمیری دھڑوں کو متحد کردیا ہے اور مودی سرکارکے فیصلے کے بعد بھارت نواز کشمیری اپنے ماضی پر پچھتا رہے ہیں اور بھارت خوداقوام متحدہ میں کشمیریوں سےحق خودارادیت کاوعدہ کرچکا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم بھارت سے تجارت کو منسوخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کو وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی دیکھے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس مسئلے کو ہم اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل میں لے کر جارہے ہیں جہاں ہمارے ایک اسٹریٹجک شراکت دار چین بھی ہے جس سے اس معاملے پر تبادلہ خیال بھی ہوا ہے اور مزید فیصلوں کے لیے رابطہ کررہے ہیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد