نیویارک:وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر قیادت  اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز کے سامنے بھارت کیخلاف مظاہرہ

220

نیویارک،25اگست(اے پی پی ):وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے کشمیریوں نے  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی  جارحیت کیخلاف  احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے  ہندوستان کے خلاف شدید نعرے  بازی کی ۔مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈ بھی  اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کی تصاویر اور تحریریں تھیں  جبکہ مظاہرین میں بڑی تعداد میں عورتیں اور بچے بھی شامل  تھے۔

وزیر اعظم  آزاد کشمیر  راجہ فاروق حیدر   نے اس موقع پراحتجاجی مظاہرین  سے  خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل خطے کو ہولناک انسانی حادثے سے بچانے کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین لاک ڈاون ہے، وادی کو جیل بنا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جنگی جرائم کررہا ہے ،80لاکھ لوگوں کے متعلق کوئی اطلاع نہیں کہ کس حال میں ہیں انہیں قید کردیا گیا ہے ،انہیں ادویات اور  مذہبی عبادات سے محروم رکھا جارہا ہے وہ شدید نفسیاتی دباو میں ہیں ۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے ،ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول پر معصوم کشمیریوں کو بھی قتل کررہی ہے ،ہندوستان کی جانب سے آزادکشمیر پر حملہ کیا گیا تو اس سے بڑے پیمانے پر جنگ چھڑ سکتی ہے اور ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کے لیے ایسا کرسکتا ہے ۔

 وی  این ایس، اسلام آباد