وزیر اعظم عمران خان کی کال پرآج کے احتجاج نے واضح کردیا کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں ان کیساتھ ہے: شاہ محمود قریشی

907

کراچی ، 30 اگست ( اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کال پر ملک بھر میں مقبوضہ کشمیر کی عوام سے  یکجہتی کا مظاہر ہ  کرنے پر  پوری پاکستانی قوم کا  شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شہر، ہر قصبے اور ہر صوبے سے جو اطلاعات آ رہی ہیں وہ انتہائی حوصلہ افزا ہیں، آج کے احتجاج سے نہتے کشمیریوں کو یہ واضح پیغام گیا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ اس جدوجہد میں شانہ  بشانہ کھڑی ہے۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب پاکستانی قوم جاگی ہے اسے کوئی جھکا نہیں سکا ہے،قیادت کا یہ فرض ہوتا ہے کہ وہ قوم کو حقائق بتائے اور ہم قوم کو حقائق سے آگاہ کر رہےہیں،ہم دنیا بھر کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں اور جیسے جیسے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے پوری قوم میں شعور بیدار ہو رہا ہے۔آپ نے دیکھا کہ پاکستانی وہ خواہ ملک کے اندر ہو یا ملک کے باہر وہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کر رہا ہے،پوری دنیا میں تمام بڑے دارالحکومتوں میں پاکستانیوں اور کشمیریوں نے اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت کے خلاف مظاہرے کر رہےہیں اوروقت کے ساتھ ساتھ ان میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے  کہا کہ  میں بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کی سوچ یہ ہے کہ آپ کشمیریوں کو جبرو تشدد سے دبا لیں گے تو یہ آپ کی خام خیالی ہے ،بھارت کشمیریوں کو جتنا دبائے گا یہ جدوجہد اتنی زیادہ ابھرے گی۔میں بھارت سے یہی کہوں گا کہ آپ نے جو حماقت کر لی ہے اس پر توبہ کریں اور کشمیریوں کو آزاد کریں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انشاء اللہ 27 تاریخ کو اقوامِ متحدہ میں جب وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں تقریر کر رہے ہوں گےتو مودی کو اندازہ ہو گا کہ پاکستانی قوم اور جمہوری سوچ رکھنے والا طبقہ کیا کہہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فکر ہے تو کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کو چھبیسواں دن ہے،اب وہاں  سے بھارتی ظلم وتشدد کی کہانیاں منظر عام پر آ رہی ہیں ، بی بی سی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیکڑوں لوگوں کو انٹرویو کیا اور ان پر ہونے والے تشدد کو رپورٹ کیا، بی بی سی کی رپورٹ میں دو بھائیوں کا بیان بھی شامل ہے کہ جنہیں رات کی تاریکی میں گرفتار کر لیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جب انہوں نے اپنا قصور پوچھا تو انہیں خوف میں مبتلا کرنے کے لیے مزید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،ڈنڈوں اور کیبلز سے پیٹا جاتا رہا اور جب وہ تشدد کی وجہ سے بے ہوش ہوئے تو انہیں جگانے کے لیے بجلی کے جھٹکے لگائے جاتےرہےاور جب درد سے ان کی چیخیں نکلتیں تو ان کے منہ میں مٹی بھر دی جاتی۔

انہوں نےمزید  کہا کہ اصل کہانیاں اس وقت سامنے آئیں گی جب کرفیو ہٹایا جائے گا اور دنیا کو علم ہو گا کہ انہوں نے ظلم اور بربریت کس قدر روا رکھی ہے۔

سورس : وی این ایس ، کراچی