بھارتی سپریم کورٹ نے   کشمیر متعلق  ہندوستانی  بیانیہ کو مسترد کر دیا،پاکستانی موقف کی تائید کی : ڈاکٹر فردوس عاشق

189

اسلام آباد ، 16 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوستان کے بیانیہ کو ملیا میٹ کر دیا ہے جبکہ  سپریم کورٹ کے  فیصلہ سے  پاکستان  کے موقف کی تائید ہوئی  ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی یکطرفہ سیاہ عمل کی بھرپور مذمت کی اور اسے مکمل مسترد کیا۔

پیر کو یہاں آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب میں  ڈاکٹر  فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ جنگیں جوش سے شروع ہوتی ہیں لیکن انہیں ختم کرنے کیلئے ہوش کا سہارا لینا پڑتا ہے، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہوش اور جوش دونوں کا استعمال کرنا جانتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جوش کے ساتھ مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے للکارا اور ہوش کے ساتھ عالمی برادری کو باور کرایا کہ مسئلہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تاریخی خطاب ہو گا، عمران خان پہلے وزیراعظم ہوں گے جو کشمیریوں کے وکیل بن کر یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ  مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتا ہوا ظلم آخری سانسیں لے رہا ہے، پاکستان سیاسی، سفارتی، میڈیا، کمیونیکشن حکمت عملی کے ذریعے اس ظلم کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ  چوروں، ڈاکوئوں کیلئے نہیں بلکہ اس وقت مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے سیاسی اے پی سی ہونی چاہئے۔

 وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مشائخ عظام حکومت کے کرنے والا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے ذریعے علماء و مشائخ قیام پاکستان سے لے کر استحکام پاکستان تک کے فریضے کو ادا کرنے کیلئے یکجا ہو کو کشمیر کاز کو اجاگر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر سیاسی نہیں ہماری بقاء کا مسئلہ ہے، جہاں عزتییں دائو پر لگ جائیں وہاں سب کو ایک ہونا پڑتا ہے، مشکل وقت پر قوم کے نام پر سیاست کے چمپیئنز کو قوم دیکھ رہی ہوتی ہے کہ بحرانی صورتحال میں میں ان کا کیا کردار ہوتا ہے۔

چیئرمین مشائخ و علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری، جموں و کشمیر سالڈیٹری موومنٹ (جے کے ایس ایم) کی چیئرپرسن عظمیٰ گل، بھیرہ شریف کے گدی نشین پیر حسنات، خالد سلطان، مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق،جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، مولانا فضل الرحمان خلیل سمیت دیگر  نے بھی کانفرنس سے  خطاب کیا جبکہ اس موقع  پر علماء مشائخ کی کثیر تعداد کانفرنس میں شریک تھی۔

وی این ایس، اسلام آباد