بھارت مقبوضہ کشمیر میں  انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے،فلفور کرفیو ختم کرے: پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز

208

ریاض،11 ستمبر(اے پی پی ):سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں  انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے اسے چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹا کر لوگوں کو آزاد کرے۔

بدھ کو یہاں  پاکستانی سفارت خانہ میں سعودی اور پاکستانی صحافیوں کو کشمیر ایشو پر بریفنگ دیتے ہوئے  پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ کشمیر ایشو پر سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، سعودی حکومت کی جانب سے بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیا گیا ہے جبکہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی بھی کشمیر ایشو پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم  عمران خان خطے میں جنگ کے خلاف ہیں کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں اگر جنگ ہوئی تو جنگ کے اثرات دونوں جانب ایک جیسے ہونگے مگر بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کرکے خطے کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بھارت  کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر ایک ماہ سے زائد عرصے سے یرغمال بنائے ہوئے ہے جس سے بھارت سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے اس لئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کہ تنظیموں کو چا ہیے  کہ وہ بھارت پر دباو ڈال کر کرفیو ختم کروائیں۔

 وی این ایس، اسلام آباد