سینیٹ آف پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر”قومی کشمیر کانفرنس” کرانے کا اعلان

195

 

اسلام آباد ، 16 ستمبر ( اے پی پی ): مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال کے پیش نظر ایوان بالاء اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے 18 ستمبر 2019 کو کنونشن سینٹر میں قومی  کشمیر کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے  جس  میں ایوان بالاء، ایوان زیریں، صوبائی اور قانون ساز اسمبلیاں، ملکی و بین الاقوامی ماہرین اور دیگر متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرزشرکت کریں گے۔

کانفرنس کے حوالے سے محمد صادق سنجرانی  کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کرنے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین حالات پیدا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے جس میں اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت ، ظلم، بربریت اور انسانیت سوز حالات کے  بارے نہ صرف آگاہ کیا جا ئے گا بلکہ مل کر متفقہ لائحہ عمل بھی اختیار بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا  کہ 7  دہائیوں سے مقبوضہ اور متنازعہ علاقے میں 90 ہزار معصوم نہتے بزرگ، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو شہید کیا جارہا ہے۔ صرف 2019 کے پہلے 6 ماہ میں 270 کشمیری جدوجہد آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ بھارتی افواج کے ہاتھوں نہ صرف کشمیریوں کے قتل وغارت کا سلسلہ جاری ہے بلکہ پیلٹ گنوں کے ذریعے لوگوں کو نابینا کیا جارہاہے۔ ٹارچر، ریپ گری کے بدترین واقعات بھی  آئے روز سامنے آرہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کو معصوم کشمیریوں کے خلاف جارحیت کے ارتکاب پر مکمل استثنیٰ دی گئی ہے جس سے معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی فراہمی، آزادی اور سلامتی کو بے دردی سے کچلا جا رہا ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد