ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا حکومت کی  اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

170

 

 اسلام آباد ، 16 ستمبر ( اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات و نشریات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا حکومت کی  اولین ترجیح ہے۔عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ   ٹویٹر  پراپنے پیغام میں  معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509  ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔ ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے۔دو سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے،ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے۔ اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200ارب روپے حاصل ہوں گے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں% 73کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ جبکہ  درآمدات میں واضح کمی آئی۔ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے  کوشاں ہیں۔

معاون خصوصی   نے کہا کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے ہیں، دو مہینوں میں کوئی سپلیمنٹری گرانٹ  کی منطور نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ چند ہفتوں میں کرنسی کی قدر بہتر ہونے سے حکومت کو 246 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اس سال حکومت تقریباً ایک ہزار ارب روپے نان ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ جس میں دو سو ارب روپے سیلو لر سیکٹر،چار سو ارب روپے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے منافع جات اور تین سو ارب روپے آر ایل این جی پلانٹس کی نجکاری سے ملنے کی امید ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد