قومی اسمبلی: ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کا ترمیمی بل اپوزیشن کے اعتراض کے بعد  موخر

148

اسلام آباد ،17 ستمبر (اے پی پی ) : قومی اسمبلی کے اجلاس   میں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کی مدت ملازمت میں تین سال توسیع  سے متعلق  ترمیمی  بل 2019  اپوزیشن کی جانب سے اعتراض کے بعد موخر کردیاگیا ۔

منگل  کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر  اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں  رکن امجد علی خان اور فخر امام نے ذاتی حثییت میں  ججز کی مدت ملازمت  میں تین سالہ توسیع  کے لئے آئین کے آرٹیکل 179 میں ترمیم کا بل پیش کیا ۔  حکومتی ارکان کی جانب سے بل کی حمایت کی گئی جبکہ اپوزیشن رکن  سید خورشید شاہ نے بل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ  مذکورہ ترمیمی بل پرائیویٹ ممبرز کی بجائے حکومت کی جانب سے پیش کیاجانا چاہے ۔

اعتراض کا جواب دیتے ہوئے  وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے تجویز دی کہ بل کو کمیٹی میں بحث کے لئے ریفر کردیاجائے تاہم اپوزیشن ارکان نے اس سے اتفاق نہیں کیا جس کے بعد اسپیکر نے بل کو موخرکردیا ۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں رجسٹریشن برائے پریس،اخبارات ، نیوز ایجنسیاں و کتب آرڈیننس 2002 میں مزید ترمیم کرنے کا  ترمیمی بل  بھی پیش کیا گیا ۔۔

بعد ازاں اسپیکر  نے اجلاس جمعرات کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا ۔۔

وی این ایس