وزیراعظم عمران خان کا نیویارک سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر  پر تپاک استقبال

254

اسلام آباد ، 29 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان  کا  اتوارکے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے ولولہ انگیز اور پراثر تاریخی خطاب کے بعد وطن واپس لوٹنے پر نیواسلام آباد ائرپورٹ پر ملک بھر سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں ، سیاسی اور مذہبی رہنماﺅں نے ان کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، سندھ کے گورنر عمران اسماعیل، وفاقی و صوبائی وزرائ، اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی بڑی تعداد بھی ان کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے استقبال کے لئے آنے والے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قوم کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں جو کہ اس وقت مشکل وقت میں ہیں، ان کا کیس بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لئے کامیابی کی دعائیں کیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہو نہ ہو پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے اوپر جو ظلم ہو رہا ہے، ہم ان کے ساتھ اللہ کی خوشنودی اور رضا کے لئے کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 80لاکھ کشمیریوں کو ہندوستان کی فوجوں نے کرفیوں میں بند کر کے رکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک بار پھر قوم سے کہتے ہیں کہ جب آپ جدوجہد کرتے ہیں تو اس میں اچھا اور برا وقت آتا ہے تاہم برے وقت میں گھبرانا نہیں، آپ گھبرائیں گے تو کشمیر میں بوڑھے، بچے ، عورتیں اور جوان آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں نے اپنے آپ کو کشمیر کا سفیر قرار دیا ہے، اس لئے میں مودی کی مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو ہر فورم پر دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔