اسلام آباد،19ستمبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا کا ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر فعال ہونا انتہائی اہم ہے، وزیراعظم میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں انہوں نے منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے پی آر اے اورپارلیمنٹ کا یکجا ہوناضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی طاقت کے بغیر کوئی ریاست طاقت ور نہیں ہو سکتی،ریاست کو طاقتور بنانے میں میڈیا کو طاقت دینا انتہائی ضرور ی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ،استحکام و ترقی کیلئے صحافی طبقہ حکومت کی رہنمائی کرتا ہے،میڈیا عوام کی رہنمائی کیلئے اہم ذریعہ ہے۔ میڈیا کو قومی مفاد کی خبروں کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت میں آئی تو ملک سنگین معاشی بحران کا شکار تھا،ملک میں صنعتیں لگ رہی ہیں، سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











